Sunday, May 29, 2011

الٰہی تیری چوکھٹ پر -- از: مولانامفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ

الٰہی تیری چوکھٹ پر( از: مولانامفتی محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہ

[B]شیخ الاسلام مولانامفتی محمد تقی صاحب عثمانی کا نام نامی کسی تعارف کا محتاج نہیں‌آپ پوری اسلامی دنیا میں‌اپنے نام اور نام سے زیادہ کام کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں،حضرت ایک سنجیدہ اور متین عالمِ دین ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ صاف ستھرے شعری ذوق کے بھی مالک ہیں،خالقِ دوجہاں کی بارگاہ میں حضرت کا یہ پُر درد کلام آپ حضرات کے لئے پیشِ خدمت ہے دل کی آنکھوں سے پڑھئے اور دل کے کانوں سے سنئے بھی۔

الٰہی تیری چوکھٹ پر بھکاری بن کے آیا ہوں
سراپا فقر ہوں عجزوندامت ساتھ لایاہوں
بھکاری وہ کہ جس کے پاس جھولی ہے نہ پیالہ ہے
بھکاری وہ جسے حرص و ہوس نے مارڈالاہے
متاع دین و دانش نفس کے ہاتھوں سے لٹوا کر
سکونِ قلب کی دولت ہوس کی بھینٹ چڑھوا کر
لٹا کر ساری پونجی غفلت و نسیاں کی دلدل میں
سہارا لینے آیا ہوں ترے کعبے کے آنچل میں
گناہوں کی لپٹ سے کائناتِ‌قلب افسردہ
ارادے مضمحل،ہمت شکستہ،حوصلے مردہ
کہاں سے لاؤں طاقت دل کی سچی ترجمانی کی
کہ کس جھنجھال میں گزری ہیں گھڑیاں زندگانی کی
خلاصہ یہ کہ بس جل بُھن کے اپنی روسیاہی سے
سراپا فقر بن کر اپنی حالت کی تباہی سے
ترے دربار میں‌لایا ہوں اب اپنی زبوں حالی
تری چوکھٹ کے لائق ہر عمل سے ہاتھ ہیں‌خالی
یہ تیرا گھر ہے تیرے مہر کا دربار ہے مولا
سراپا نور ہے اک مَہبطِ انوار ہے مولا
تری چوکھٹ کے جو آداب ہیں‌میں ان سے خالی ہوں
نہیں جس کو سلیقہ مانگنے کا وہ سوالی ہوں
زباں‌غرقِ ندامت دل کی ناقص ترجمانی پر
خدایا رحم میرے اس زبانِ‌بے زبانی پر
یہ آنکھیں خشک ہیں‌یارب انہیں رونا نہیں آتا
سلگتے داغ ہیں دل میں جنہیں‌دھونا نہیں‌آتا
الٰہی تیری چوکھت پر بھکاری بن کے آیا ہوں
سراپا فقر ہوں عجزوندامت ساتھ لایاہوں

1 comment: